
لاہور(ویب ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے ٹویٹ کو
مگر مچھ کے آنسو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھ کے ہمدردی کے ٹویٹ کے ڈرامے نہ کریں۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ٹوئٹ مگر مچھ کے آنسوہیں۔انہوں نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب کا ٹویٹ پاکستانی قوم کی جھوٹی ہمدردی حاصل کرنے کا محض ڈرامہ ہے ۔سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھ کے ہمدردی کے ٹویٹ کے ڈرامے نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب سیاسی اختلافات ایک طرف لیکن ٹویٹ جاری کرکے ضمیر کی خلش مٹانے کی کوشش نہ کریں ،سچ تو یہ ہے کہ نوازشریف کو اذیت دینے اور ذہنی دباو کیلئے آپ نے مریم نوازشریف کو دوبارہ جیل بھجوایا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آج تک آپ کے کرائے کے ترجمانوں کی زہریلی جھوٹی زبان بند نہیں ہوئی۔ عمران صاحب سچ یہ ہے کہ نوازشریف کی اس حالت کے ذمہ دار آپ ہیں اور آپ کو بخوبی یہ بات معلوم ہے۔














