مریم نواز سروسز اسپتال سے دوبارہ جیل منتقل

لاہور(ویب ڈیسک ) مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کو سروسزاسپتال سے دوبارہ جیل منتقل

کردیا گیا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ مریم نواز کے کچھ ٹیسٹ باقی تھے لیکن علاج روک کر انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا ۔

مریم نواز کو بدھ کی رات سروسزاسپتال لایا گیا تھا جہاںانہوں نے اپنے والد سے ملاقات کی اور بعد ازاں انہیں وی وی آئی پی روم ٹو میں داخل کر کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے تاہم جمعرات کی علی الصبح انہیں واپس کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا گیا ۔واپسی سے قبل بھی مریم نواز نے اپنے والدسے ملاقات کی۔ صاحبزادے جنید صفدر نے اپنی والدہ مریم نواز کو گاڑی میں بٹھایا ۔

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹروں کی ہدایت کے برخلاف مریم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل واپس لے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طبیعت کی ناسازی کے باوجود مریم نواز کی صبح پانچ بجے جیل واپسی تشویشناک ہے ،جیل واپسی کے وقت بھی ان کی طبیعت خراب تھی، انہیں ہائی بلڈپریشراور دل کی دھڑکن نارمل نہیں تھی ۔

 مریم نواز شریف کی اس انداز میں جیل واپسی پہلے سے بیمار نواز شریف کو مزیدذہنی اذیت پہنچانے کی ایک اور کوشش ہے،بے حس حکمران محمد نوازشریف کی صحت کی خرابی سے سبق حاصل نہیں کررہے ،یہ آمرانہ، فسطائی افسوسناک رویہ ہے۔