آزادی مارچ آج راولپنڈی کے راستے اسلام آباد پہنچے گا

 

راولپنڈی (ویب ڈیسک )جمعیت علما اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کال پر

27اکتوبر کو کراچی سے شروع ہونے والا آزادی مارچ آج جمعرات راولپنڈی کے راستے اسلام آباد پہنچے گا وفاقی دارلحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی جمعیت علما اسلام (ف)نے آزادی مارچ کے شرکا کے استقبال اور جبکہ جڑواں شہروں کی انتظامیہ وپولیس نے امن و امان کی صورتحال کے کنٹرول کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال کے خدشات کے پیش نظر راولپنڈی کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں 1روزہ تعطیل کااعلان کر دیا ہے جبکہ راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے آج (بروز جمعرات )شروع ہونے والے انٹر میڈیٹ کے ضمنی امتحانات ملتوی کرنے سے انکار کر دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ آج کا امتحان پہلے سے جاری ڈیٹ شیٹ کے مطابق ہوں گے آزادی مارچ کے انتظامات کے لئے جے یو آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل عبدالغفور حیدری کی سربراہی میں قائم 3رکنی آرگنائزنگ کمیٹی نے مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں پہنچنے والے مرکزی قافلے کے استقبال کے لئے روات ، فیض آباد اور 26نمبر چونگی میں 3بڑے استقبالی کیمپ لگائے جائیں گے۔

 اس ضمن میں آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن وجے یوآئی اسلام آباد کے ترجمان مفتی اویس عزیز نے” آن لائن “کو بتایا کہ لاہور سے آنے والے مرکزی قافلے کے لئے جی ٹی روڈ روات اورراولپنڈی سے آنے والے قافلوں کے لئے فیض آباد فلائی اوور پر ،استقبالیہ کیمپ لگایا جائے گاجبکہ آزاد کشمیر سے آنے والے قافلوں کے استقبال کے لئے بہارہ کہو اور خیبر پختونخواہ سے آنے والے قافلوں کے استقبال کے لئے 26نمبر چونگی کے قریب موٹر وے چوک پر استقبالی کیمپ لگائے جائیں گے جہاں پر قافلوں کا تاریخی استقبال کیا جائے گا اور آزادی مارچ کے شرکا کو پانی ، جوس اور کھانوں سے تواضع کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا بعض لوگ آزادی مارچ کو دھرنے سے منسوب کر کے منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں جبکہ قیادت کی جانب سے فی الوقت دھرنے کی کوئی کال نہیں دی گئی انہوں نے کہا کہ مارچ پر امن ہو گا لیکن انتظامیہ و پولیس نے کسی بدمزگی کی کوشش کی تو پھر خود بخود پورا ملک جام ہو جائے گاادھر راولپنڈی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے آزادی مارچ کی آمد کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے تمام اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر بڑی تعداد میں کنٹینر لگا دیئے ہیں۔

 ذرائع کے مطابق جڑواں شہروں میں کسی بھی بد امنی کے سدباب کے لئے 500اینٹی رائٹ آہنی بیریئر،ملازمین کے لئے 1500اینٹی رائٹ سامان اور خار دار تاروں کے 2ہزار بنڈل راولپنڈی پہنچائے گئے ہیں ۔

اسی طرح آنسو گیس کے 20ہزار لانگ رینج شیل،20ہزار شارٹ رینج شیل ،500شیل فائر گن،5ہزار آنسو گیس گرنیڈاور2ہزار گیس ماسک، اسی طرح 2ہزار بلٹ پروف جیکٹیں،500رائفل 12بور اور 20ہزار ربر بال ،6کرینیں،5واٹر کینن،5اے پی سی وین،3واٹر ٹینکر،5ایمبولینس،10بڑی اور10چھوٹی پریزن وین،20پک اپ اور 20بسوں کے علاوہ بم ڈسپوزل سکوارڈ کے15تربیت یافتہ ملازمین بھی تعینات کئے گئے ہیں۔

 ادھرپولیس ذرائع کے مطابق آر پی اواور سی پی او راولپنڈی کی ہدایات پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اس موقع پر3ہزار اہلکاروں کی نفری دوسرے اضلاع سے منگوائی گئی ہے ریزروپولیس،اینٹی رائڈ فورس،ایلیٹ فورس اور پنجاب کانسٹیبلری سمیت مجموعی طور پر10ہزار سے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگراداروں کے اہلکاربھی ڈیوٹی دیں گے۔