
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) جمعیت علماءاسلام ( ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا
عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے اقوام متحدہ کی بے بسی دنیا دیکھ چکی ہے، مودی کشمیریوں پر مظالم بند کرے۔آزادی مارچ کے قافلے آج جمعرات کو اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔
ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ایچ نائن اتوار بازار سے متصل مارچ کیلئے متعین جگہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ تین ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو جاری ہے اور بھارتی فوج کا کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے اقوام متحدہ کی بے حسی دنیا دیکھ چکی ہے۔وہ اپنی ہی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کرا پا رہی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق انسانی حقوق کی تنظیموں کی غفلت سب کے سامنے عیاں ہو چکی ہے، جو قومیں جانوروں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتی ہیں وہ کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر خاموش کیوں ہیں۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہم نے انتظامیہ سے گزارش کی ہے کہ جلسہ گاہ کے مارچ کی جگہ کو مزید وسعت دی جائے کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ اسلام آباد کی سڑکیں بند ہوں اور شہریوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑے۔




































