
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) سمندری طوفان ”کیار“ سے پاکستان کے کسی ساحلی علاقہ کو براہ
راست کوئی خطرہ نہیں تاہم زیریں سندھ اور مکران کے ساحلی علاقہ میں (آج) بدھ سے جمعہ تک بارش کا امکان ہے، ماہی گیروں کو 31 اکتوبر تک کھلے سمندر میں جانے سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان کے سمندری طوفان سے متعلق وارننگ جاری کرنے والے مرکز نے سمندری طوفان ”کیار“ کے حوالہ سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وسطی بحیرہ عرب سے شمال مغرب کی طرف بڑھا ہے۔ منگل کو طوفان کی شدت 230 سے 240 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔ طوفان کراچی سے 730 کلومیٹر جنوب مغرب، گوادر سے 665 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ ”کیار“ کے آج بدھ کو مزید شمال مغرب اور بعد ازاں جنوب مغرب کی طرف سے منتقل ہونے کا امکان ہے۔ اس طوفان سے پاکستان کے کسی ساحلی علاقہ کو براہ راست خطرہ نہیں تاہم شدید ہواﺅں اور سمندری لہروں کی وجہ سے زیریں جزیروں میں پانی داخل ہوا ہے۔ اسی طرح طوفان کے زیر اثر نظام کے باعث زیریں سندھ اور مکران کے ساحلی علاقہ میں آج بدھ سے جمعہ تک بارش کا امکان ہے۔
ماہی گیروں کو 31 اکتوبر تک کھلے سمندر میں جانے سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔ وارننگ سنٹر سمندری طوفان کی شدت اور اس کے راستے و سمت کو مسلسل مانیٹر کر رہا ہے۔ متعلقہ محکموں کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ اس بارے میں مکمل معلومات کیلئے محکمہ موسمیات پاکستان کی ویب سائٹ سے رجوع کریں۔




































