کچھ بھی ہوعمران خان سے استعفیٰ لیکرجائیں گے ،اپوزیشن

 

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر

محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سے آئینی تبدیلی آسکتی ہے۔اقتدار متحدہ حزب اختلاف کے حوالے کردیں چھ ماہ میں معیشت مضبوط نہ ہوئی تو میرا نام عمران نیازی رکھ دیں۔

ایچ نائن گراﺅنڈ میں آزادی مارچ کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران نیازی کا چیمبر خالی ہے، نہ دماغ ہے نہ بھیجا ہے، متکبر آدمی ٹانگوں پے ٹانگیں رکھ کر بدتمیزی سے بات کرتا ہے، واضح کردینا چاہتا ہوں کہ دیر کردی تو میرے منہ میں خاک چڑیا چگ گئی کھیت والی بات نہ ہو جائے، تحریک کا پہلا مرحلہ ہے ، اب آگے بڑھنا ہے، عوام کی چیخیں نکلوانے والے عمران نیازی کی چیخیں نکلوادیں گے، جادو ٹونہ ، جھوٹ، بدکلامی، یوٹرن سب کچھ دفن ہوکر رہ جائے گا، عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر حکومت کو جلد بہا لے جائے گا۔

جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے۔ آزادی مارچ کے جلسہ عام میں 9اپوزیشن جماعتوں کے رہنما اپنے کارکنان کے ساتھ شریک ہیں، قوم پرست جماعتوں کا جوش و خروش دیدنی ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن عظیم باپ کے عظیم فرزند ارجمند اور جلیل القدر عالم دین ہیں ، عظیم الشان مارچ کی قیادت پر مبارکباد دیتا ہوں، عوامی سمندر میں لاکھوں لوگ موجود ہیں، پاکستان میں پہلے تبدیلی نہیں آئی تھی اب آئی ہے، عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر جلد حکومت کو بہا کر لے جائے گا ، کنٹینر کی سیاست عمران خان نے شروع کی تھی اب اسی سیاست میں اس کی حکومت دفن ہوگی، سوا سال سے پورے پاکستان کے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں ، عوام کو اچھی طرح نئے پاکستان کا اندازہ ہوگیا ہے، ہم عمران خان کی چیخیں نکلوا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو پتہ لگ گیا ہے کہ اب بہتر پاکستان ہے یا پہلے بہتر پاکستان تھا، پرانے پاکستان میں نواز شریف کی قیادت میں ملک آگے بڑھ رہا تھا، مستحق لوگوں کو ہسپتالوں میں علاج معالجہ اور مفت ادویات مل رہی تھیں، غریبوں سے ادویات تک چھین لی گئی ہیں اور مریضوں کو ایڑھیاں رگڑ رگڑ کر موت کے منہ میں دھکیلا جارہا ہے کیا یہ بہتر پاکستان ہے یا نواز شریف کی قیادت میں بہتر پاکستان تھا۔ عمران نیازی ہمیں ڈینگی برادران کہتا تھا اب ہر جگہ ڈینگی پھیلا دیا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ عمران نیازی دیکھ لو تمہارے خلاف عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر نکل آیا ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ جعلی حکومت سے قوم کی جان چھڑائی جائے، اگر یہ جان نہیں چھوڑے گا تو ہم قوم کی جان چھڑوائیں گے۔

۔ قبل ازیں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے عمران خان سے کابینہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ، موجودہ حکومت کو مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ عمران خان کی حکومت کیخلاف سارا پاکستان باہر نکل چکا ہے۔

۔عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین نے کہاکہ کچھ بھی ہو جائے عمران خان کا استعفیٰ لے کر جائیں گے ۔ انہوں نے اپوزیشن کے چارٹر آف ڈیمانڈ کا اعلان کیا اور کہاکہ 9اپوزیشن جماعتوں کا وزیراعظم کا استعفیٰ بنیادی مطالبہ ہے۔ عمرا ن خان کو وزیراعظم کوئی تسلیم نہیں کرتا،اب عمران خان کو کوئی نہیں بچا سکتا، استعفے کے علاوہ کسی چیز پر آمادہ نہیں ہوں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید نیئر حسین بخاری نے بھی جمعہ کو آزادی مارچ کے جلسہ سے خطاب کیا۔