
اسلام آباد(ویب ڈیسک ) جمعیت علماءاسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے عمران خان
کے استعفیٰ کیلئے دو دن کی مہلت دیدی ۔ انہوں نے دو دنوں میں اداروں سے بھی حکومتی پشت پناہی کے حوالے سے پوزیشن واضح کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
ایچ نائن میدان میں آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا پوری دنیا نے یہ دیکھ لیا ہے کہ عوام کو حق حکمرانی حاصل ہے، کسی اور کو پاکستان پر مسلط ہونے کا حق حاصل نہیں ہے ولولہ عزم سب کے ساتھ ہے، جس جذبے اور عزم کے ساتھ شریک ہوئے ہیںاس سے قومی یکجہتی کا اظہار ہورہا ہے، حکومت کا خاتمہ قومی مطالبے کا روپ دھارچکا ہے یہ سنجیدہ اجتماع ہے جسے پوری دنیا سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ عوام انصاف کی بنیاد پر نظام چاہتے ہیں، عوام کی مرضی کے بغیر کوئی نظام نہیںچل سکتا۔
مولانا فضل الرحمن نے انتباہ کیا ہے کہ ہم نے کسی سے کوئی کمٹمنٹ نہیں کی، میڈیا پر پابندی نہ ہٹی تو ہم بھی کسی بات کے پابند نہیں رہیں گے، جم غفیر مطالبہ کررہا ہے ڈی چوک ، ڈی چوک ، نواز شریف ، آصف علی زرداری، محمود خان اچکزئی، اسفندیارولی خان، اویس نورانی سب نے عوام کی آواز سن لی ہے، عمران خان چوروںکا چور ہے، عوامی سمندر قدرت رکھتا ہے کہ اسلام آباد میں اسے گھر جاکر گرفتار کرلے، ہم پرامن ہیں، مزید صبرو تحمل کا مظاہرہ نہیں کرسکتے، ڈی چوک بارے عوام کی آواز جن کو سنانا چاہتے ہیں انہوں نے بھی سن لیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے اس وحدت کا اظہار ربیع الاول کے مقدس مہینے سے کیا ہے جو رحمتوں کا مہینہ ہے اور اس رحمتوں کے مہینوں میں اجتماع کاآغاز کیاہے ا للہ کی رحمت اس اجتماع پر برس رہی ہے۔ ناموس رسالتﷺ اور تحفظ عقیدت ختم نبوتﷺ کے عزم کے ساتھ میدان میں اتررہے ہیں، سب سے مبارک اجتماع ہے ۔ ہم سب کامتفقہ موقف ہے کہ 25جولائی 2018ءکو فراڈ انتخابات ہوئے تھے، بدترین دھاندلی ہوئی تھی ، نتائج کو تسلیم نہیںکرتے، دھاندلی کے نتیجے میں قائم حکومت کو تسلیم نہیںکرتے ، ایک ہی فیصلہ ہے کہ اس حکومت کو گھر جانا ہے۔ بڑی مہلت دیدی ہے، ایک سال سے برداشت کررہے ہیں مزید برداشت کرنے کے روادار نہیں ہوسکتے ۔ پوری قوم ان سے آزادی چاہتی ہے۔




































