حکمران اتحاد کا وزیرِاعظم وحکومت پر اعتماد کا اظہار

اسلام آباد (ویب ڈیسک )حکمران اتحادنے وزیرِ اعظم عمران خان اور حکومت پر مکمل اعتماد کا ظہار کردیا ہے

اورکہا ہے کہ ہم پارلیمنٹ کو جمہوری اقدار کے مطابق بدستور فعال رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے،۔

وزیراعظم عمران خا ن کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا غیر معمولی ہنگامی اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق منظور کی جانے والی متفقہ قراردادمیں کہا گیا ہے کہ ہم حکومت کی تمام اتحادی جماعتیں، موجودہ حکومت اور وزیرِ اعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ موجودہ حکومت کی تاریخی اصلاحات ملک کی تعمیرو ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گی۔

اجلاس میں مزیدکہا گیاکہ ہم متفقہ طور پر وزیرِ اعظم اور حکومت کی کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ہم پارلیمنٹ کو جمہوری اقدار کے مطابق بدستور فعال رکھنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ موجودہ حالات میں حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کا کردار اہم تھا اور ہم اس پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔ پاکستان کو درپیش معاشی، سفارتی، انتظامی اور دیگر چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے وزیرِ اعظم اور حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں ۔

 اعلامیہ میں مزیدکہا گیا ہے کہ انشا اللہ، وزیرِ اعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان کو مدینہ کی ریاست کی طرز پر اسلامی، فلاحی ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق سیاسی معاملات کو پرامن طریقے اور بات چیت سے حل کرنے پر زوردیا گیا ہے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا مذاکراتی کمیٹی نے تفصیلات سے آگاہ کردیا ہے اپوزیشن کے حکومت مخالف مطا لبات کو ایک بار پھرمستردکردیا گیا ہے ۔