
اسلام آباد(ویب ڈیسک)جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاہے کہ ہم نے حکومتی مذاکراتی
کمیٹی کو پیغام دیا ہے کہ استعفیٰ لے کر آو، ورنہ نہ آو۔حکومتی وزرا کا لب و لہجہ مفاہمت نہیں تصادم کی طرف جاتا ہے۔
اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن میں جاری آزادی مارچ سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں آزادی مارچ کیلئے ایک پیج پر ہیں۔سیاسی جماعتوں کے رہنما روز آزادی مارچ میں شرکت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ جعلی اسمبلی بنائی گئی جو جعلی قانون سازی کر رہی ہے،۔یسی جعلی اسمبلی کی قانون سازی جعلی ہے۔ جعلی وزیر اعظم کے ایگزیکٹو آرڈر زبھی جعلی ہیں جن کو کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔
مولانافضل الرحمان نے کہا کہ میں یہ وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ ان جعلی قوانین کی کوئی حیثیت نہیں۔ ایڈہاک ازم پر ملک نہیں چلتے، ملک کو ایسے لوگوں سے فارغ کرنا چاہیے، پاکستان کی پارلیمنٹ کو متنازع بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے،ہماری افواج پاکستان نے امن کیلئے قربانیاں دی ہیں۔افواج پاکستان قربانیوں کے نتیجے میں قوم کو امن دیں گے۔ اگر قوم کی قربانیاں نہ ہوتیں تو فوج اس ہدف کو حاصل نہ کر سکتی۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے یہ قربانیاں اس لیے نہیں دی کہ ایسے نااہل لوگ حکمرانی کریں گے۔ایسے حکمرانوں کو ملک پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان قبضہ گروپ کیلئے نہیں بنا، پاکستان کیلئے فیصلہ پاکستانی عوام نے کرنا ہے۔ دھاندلی سے آنے والوں کو حکومت نہیں کرنے دیں گے۔
مولانا کا کہنا تھا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی آتی جاتی رہتی ہے، حکومتی کمیٹی کو کہا ہے کہ ہمارے پاس آنا ہے وزیراعظم عمران خان کا استعفی لیکر آنا۔ کمیٹی میں ہمارے موقف سمجھنے کی صلاحیت نہیں۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ دھاندلی سے آنے والوں کو حکومت نہیں کرنے دیں گے، ان کی پوری سیاست مخالفین کو چور کہنے پر قائم ہے۔ عمران خان امریکا میں بھی ہمیں گالیاں دیتے رہے۔














