
اسلام آباد (ویب ڈیسک) رہنما ن لیگ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ عمران نے کہا تھا کہ ہم انگلی پر بیٹھ کر آئیں گے، وہ انگلی
سب کو نظر آئی ہے،آپ کے پاس امپائیر کی انگلی ہے تو ہمارے پاس مولانا فضل الرحمان کا انگوٹھا ہے۔
سینیٹ میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے مشاہداللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہے،اس نے علم بلند کیا ہے کہ آئین کی حرمت کو بحال کرو، مصلے چرانے والے کیسے مدینہ کی ریاست کی بات کرتے ہیں۔عمران خان کا وژن یو ٹرن بہت کمال کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق رکن سینیٹ حافظ حمد اللہ کو شہریت منسوخی پر عدالت سے ریلیف ملا حکومت سے نہیں۔اسے سیاسی انتقام کہتے ہیں کہ وہ اپ کے خلاف تلخ باتیں کرتا ہے تو اپ اس کی شہریت منسوخ کر دیتے ہیں۔آپ کا وزیر اعظم کہتا ہے کہ جیسے ہم نے دھرنا کیا تھا اس کی اجازت ہے، پھر اسے لگ پتہ چل جائے گا۔
آپ نے جب دھرنا دیا تو آپ نے پی ٹی وی پر حملہ کیا۔ جمہوریت کی قبر بنائی، پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی۔آپ کے پاس ڈنڈے تھے، بندوق تھے۔آج کے دھرنے اور گزشتہ دھرنے میں فرق نظر آتا ہے۔
مشاہد اللہ نے کہا کہ آپ کا مقابلہ نواز شریف اور اسکی بیٹی سے ہے،جس کے لیے طے کیا کہ الیکشن تب ہو گا کہ جب ان دونوں کو جیل میں ڈالیں گے۔نواز شریف کو توڑنے کی اب تک کوشش کر رہے ہیں۔وقت آنے پر معلوم ہو گا کہ نواز شریف کے پلیٹلٹس کیسے کم ہوئے۔وقت آنے پر سب کا پتہ چلے گا کہ کون کون ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے پہلا راؤنڈ جیت لیا ہے،الیکشن میں دھاندلی نہیں بلکہ نتائج کو تبدیل کیا گیا ہے۔سی سی ٹی وی پر سیکورٹی اہلکار کیا کرتے نظر آئے تھے، آر ٹی ایس نظام کیوں فیل ہوا تھا،پاکستان مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہے۔














