
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیراعظم نے کہا ہے کہ تعمیرات کے شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ شعبے کے فروغ
سے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا اہم منصوبہ مکمل ہوگا۔ تعمیرات کے شعبے کی بحالی و فروغ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تعمیرات کے شعبے سے 40 کے لگ بھگ صنعتیں منسلک ہیں۔تعمیرات کے شعبے سے جہاں ان صنعتوں کو ترقی ملے گی، وہاں نوجوانوں کیلئے نوکریوں کے مواقع میسر آئیں گے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت، وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید، وزیر خزانہ بلوچستان ظہور احمد بلیدی، چیئرمین ایف بی آر سیّد شبرزیدی، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ سیّد زبیر حیدر گیلانی،بھی شریک تھے جبکہ تعمیرات کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ معاشی عمل کو تیز کرنے کیلئے تعمیرات کے شعبے کا فروغ ازحد ضروری ہے۔ اجلاس میں بینکوں کی طرف سے تعمیرات کیلئے قرضوں کی فراہمی، صوبوں میں تعمیرات کے شعبہ میں یکساں شرح ٹیکس کے اطلاق اور سرکاری نجی شراکت داری کے فروغ سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا۔














