
اسلا م آباد(ویب ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے اسلام آباد میں 14 روز کے مارچ اور دھرنے کے بعد پلان بی
کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر دھرنے دیے جارہے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں مانسہرہ کے قریب چھترپلین کے مقام پر شاہراہ قراقرم کو بند کردیاگیا۔چکدرہ چوک پردھرنے سے سوات، چترال، اپر و لوئردیر اور شانگلہ جانے والے راستے بند ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی پر جے یو آئی کی جانب سے دھرنا دیا گیا جو مغرب کے بعد ختم ہوا۔ آج جمعہ کودن گیارہ بجے دوبارہ دھرنا ہو گا اور چونگی نمبر 26 پر نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔
بنوں میں انڈس ہائی وے پر جے یو آئی کے کارکنو ں نے درخت کاٹ کر رکاوٹیں کھڑی کردیں۔ نوشہرہ میں جی ٹی روڈ پر حکیم آباد کے قریب جاری دھرنے میں مردان، چارسدہ، صوابی سے بھی کارکناں شریک ہیں۔
کندھ کوٹ میں انڈس ہائی وے کے بائی پاس کے مقام پر اور سکھر میں قومی شاہراہ کے دونوں اطراف دھرنے کے باعث ٹریفک بلاک ہے۔
گھوٹکی ٹول پلازہ پر جے یو آئی (ف)کے کارکنوں کے دھرنے سے قومی شاہراہ پر آنے اور جانے والا ٹریفک معطل ہے۔کراچی میں دھرنا حب ریور روڈ پر جاری ہے، کارکنوں کا کہنا ہے کہ جب تک امیر کا حکم ہے دھرنے پر بیٹھے رہیں گے۔ دھرنے میں بعض کارکن بستر اور کمبل بھی لے کر آئے ہیں۔
آج جمعہ کو خضدار اور لورالائی میں قومی شاہراہیں بند کی جائیں گی جبکہ ہفتہ کو کوئٹہ،جیکب آباد اور نصیرآباد اور ژوب میں سڑکیں بند کریں گے۔
مولانا عبدالواسع نے بتایا کہ 17 نومبر کو کوئٹہ۔ تفتان اور کوئٹہ، چمن شاہراہ بند کی جائیں گی،18 نومبر کو کوئٹہ کراچی شاہراہ بند کی جائے گی جبکہ ہفتے میں ایک دن تمام شاہراہیں ایک ساتھ بند کی جائیں گی۔














