
لاہور(ویب ڈیسک)مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے نواز شریف سے انڈیمنٹی بانڈز لینے کے
حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا۔ اور اب ہم لاہور ہائیکورٹ جا رہے ہیں۔
پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ شورٹی بانڈ کی شرط ہمیں کسی صورت قبول نہیں ہے۔ دو عدالتوں نے نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے لیکن اس کے باوجود نواز شریف کی صحت پر سیاست کی جا رہی ہے۔ نواز شریف صبر، جرات و بہادری سے اس صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں اور پوری قوم ان کی صحت کے حوالے سے پریشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نواز شریف کی صحت سے متعلق سنگ دلی کا مظاہرہ کیا۔ نواز شریف کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں ہے لیکن اس کے باوجود انسانی مسئلے کو سیاسی رنگ دیا گیا،باتیں کی جا رہی ہیں کہ نواز شریف کو گھر میں کیوں رکھا گیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے علاج کیلئے گھر میں آئی سی یو بنایا گیا ہے، خدانخواستہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو قوم اسے برداشت نہیں کرے گی۔














