حکومت کا کام روزگار فراہم کرنا نہیں، حفیظ شیخ


اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے بعد وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے

خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے بھی کہہ دیا ہے کہ حکومت کا کام روزگار فراہم کرنا نہیں۔
اسلام آباد میں امن اور ترقی کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام روزگار فراہم کرنا نہیں بلکہ ادارے لوگوں کوروزگار فراہم کرتے ہیں۔ لاکھوں لوگوں کو روزگار نہیں دے سکتے،البتہ روزگار کے لیے ماحول بہتر کرسکتے ہیں۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ نجکاری کا پروگرام دوبارہ شروع کررہے ہیں۔ ایل این جی پاور پلانٹس، کچھ بینکس اور انشورنس کمپنیوں کی نجکاری کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے اجرا کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔
حفیظ شیخ نے کہا کہ عوام کی ترقی کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، جن ممالک نے ترقی کی انہوں نے عوامی ترقی کو پہلی ترجیح دی، ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کے بغیرعلاقائی ترقی نا ممکن ہے۔