
اسلام آباد (ویب ڈیسک) نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی(سی سی پی) نے 32 اثاثوں میں سے 17 جائیدادوں کو نجکاری
کی فہرست سے نکالنے سے متعلق ایرا(ای ای آر اے) کی تجویزمسترد اور ایس ایم ای بینک لمیٹڈ کے ساتھ ساتھ پی آئی اے انویسٹمنٹ لمیٹڈ کی نجکاری پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
یہ ہدایت مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحٖیظ شیخ کی صدارت منعقدہ نجکاری سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔کمیٹی نے ایس ایم ای بنک کی نجکاری کا بھی فیصلہ کیا اور بنک کی نجکاری کیلئے نجکاری کمیشن کی جانب سے جمع کردہ ٹرانزیکشن سٹرکچر کی منظوری دیدی۔
قبل ازیں کمیٹی کو بتایا گیا کہ ٹرانزیکشن سٹرکچر کا جائزہ لیا گیا اور نجکاری کمیشن کی تشکیل کردہ ٹرانزیکشن کمیٹی کیجانب سے سفارش کی گئی ہے، یہ کمیٹی پی سی بورڈ ممبران، فنانس ڈویژن، سٹیٹ بینک آف پاکستان اور ایس ایم ای بینک پر مشتمل ہے۔ نجکاری کمیشن اور سی سی او پی نے پری کوالیفیکشن معیار کا جائزہ لیا اور ممکنہ بولی دہندگان کے لئے منظوری دیدی۔ سی سی پی نے پی آئی اے انوسٹمنٹ لمیٹڈ کی نجکاری کا معاملہ بھی زیر بحث لایا اور نیو یارک میں روزویلٹ ہوٹل اور پیرس میں ہوٹل سکرائب سمیت پی آئی اے جائیدادوں کی جلد از جلد فرخت کیلئے تمام ضروری تقاضوں کا جائزہ لینے کی غرض سے ٹاسک فورس تشکیل کرنیکی تجویز کی بھی منظوری دیدی۔
فیصلہ کے تحت ٹاسک فورس کی قیادت وزیر نجکاری کمیشن محمد میاں سومرو کرینگے جبکہ اس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری،سیکرٹری نجکاری کمیشن اور ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خزانہ سمیت روز ویلٹ ہوٹل کارپوریشن سے متعلق قانونی و فنانشل کنسلٹنٹ شامل ہوں۔














