حکمران عوام پر حکمرانی کے لائق نہیں،فضل الرحمن

نوشہرہ(ویب ڈیسک ) جمعیت علما اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران پاکستانی

عوام پر حکمرانی کے لائق نہیں ہے کیونکہ یہ منتخب حکومت نہیں بلکہ نامزدکردہ اور مینڈیٹ چور حکمران ہے اور کوئی بھی چور امین نہیں اور جو امین نہیں وہ صادق کیسے ہو سکتا ہے۔
آزادی مارچ کے پلان بی کے دوسرے روز حکیم آباد نوشہرہ جی ٹی روڈ پر کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب حکمرانوں کا گھر جانا چند دنوں کی بات ہے آزادی مارچ کے شرکا ء کی ہمت،جرات اور نظم وضبط کو سلام پیش کرتا ہوں کہ اتنے بڑے احتجاج میں قومی املاک سلامت رہے، یہاں تک کہ مارچ کے شرکاء نے از خود عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایمبولینسز کو راستہ دیا ہے۔ یہی مہذب اور جمہوری سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی پہچان ہے۔
۔مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکمران آزادی مارچ کی کامیابی سے بوکھلاہٹ کے شکار ہوگئے ہیں ایک طرف مذاکرات کی بات کررہے ہیں تو دوسری طرف دھمکی آمیز لہجہ استعمال کیاجارہاہے کسی کے دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں جس مقصد کیلئے نکلے ہیں وہ مقصد حاصل کرکے ہی رہیں گے اور ہمارا مقصد سلیکٹیڈ وزیراعظم کا استعفیٰ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے استعفے کے بغیر گھر واپس نہیں جائیں گے جمعیت کے کارکنوں لیڈر شپ سمیت تمام سیاسی لیڈر شپ اس بات پر متفق ہے کہ عمران خان منتخب نہیں نامزد کردہ ہے وہ فی الفور استعفیٰ دے۔