نواز شریف کا مسئلہ انسانی ،سیاسی نہ بنایا جائے

اسلام آباد(ویب ڈیسک)معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف کا مسئلہ

انسانی اور قانونی ہے اسے سیاسی نہ بنایا جائے۔
اسلام آباد میں اٹارنی جنرل انور منصور خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ معزز عدالت نے نواز شریف کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ہم عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔حکومت کا پہلے دن سے موقف تھا کہ نواز شریف کا انسانی اور قانونی مسئلہ ہے اسے سیاسی نہ بنایا جائے۔
وزیراعظم عمران خان کی تمام ترجمانوں کو واضح ہدایات تھی کہ نواز شریف کی صحت پر بیان بازی نہ کی جائے وزیراعظم کے جذبہ خیر سگالی کو سرہانے کی بجائے حکومت کی نیت پر بے بنیاد شک اور انتقام پسندی کا تاثر دیا گیا جو قابل افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کشادہ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف میڈیکل بورڈ کی سہولت فراہم کی بلکہ ہدایت کی کہ نواز شریف کے لیے بہترین طبی سہولتیں یقینی بنائی جائیں مگر بدقسمتی سے حکومت کی نیت پر نہ صرف بے بنیاد شک کیا گیا بلکہ وزیرعظم کی اس نیک نیتی کو مختلف القابات سے نوازتے ہوئے انتقام پسندی کا تاثر دیا گیا جس کی حکومت نے تردید کی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ جمہوری روایات کے مطابق سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے سیاسی پنچا آزمائی کرتی ہیں مگر قانونی اور آئینی مسئلے پر سیاست کا سہارا لینا سیاسی داؤ پیچ استعمال کرنا اور عدالتی محاذ پر جا کر سیاسی مقصد کو بیان کرنا قابل مذمت عمل ہے ہم اس کو افسوسناک قرار دیتے ہیں