
سرینگر (ویب ڈیسک) مقبوضہ وادی کشمیر،جموں اور لداخ خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں لوگ غیر قانونی بھارتی
قبضے اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے مذموم بھارتی اقدام کیخلاف غم و غصے کے اظہار کیلئے آج 108ویں روز سول نافرمانی جاری رکھے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہیں، تعلیمی ادارے اور دفاتر ویرانی کا منظر پیش کر رہے ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت بھی کم ہے۔ دکانیں صرف صبح اور شام کے وقت تھوڑی دیر کیلئے کھولی جاتی ہیں تاکہ لوگ اشیائے ضروریہ کی خریداری کر سکیں۔ مقبوضہ علاقے میں دفعہ 144 کے تحت سخت پابندیاں نافذ ہیں اور چپے چپے پر بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ انٹرنیٹ، ایس ایم ایس اور پری پیڈ موبائل سروسز تاحال بند ہیں جس کے باعث لوگوں خاص طور پر صحافیوں، طلبا اور تاجروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔














