
اسلام آباد(ویب ڈیسک)ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے معاملے پر نارویجن سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج
کیا گیا۔
پاکستان نے ناروے کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر حکومت اور عوام کی شدید تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے واقعہ کی شدید مذمت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ناروے سفیر سے کہا گیا کہ ایسے واقعہ سے دنیا کے سوا ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ آزادی اظہار کے نام پر ایسے اقدامات کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ نارویجین حکومت سے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
دریں اثنا پاکستان نے نارویجین حکام کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرنے کے لیے اوسلومیں اپنے سفیر کو ہدایات جاری کردیں۔














