
اسلام آباد(ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچا نے کہا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق
صدر آصف علی زرداری کی صحت مزید خراب ہو رہی ہے۔
تشویشناک خبر یہ ہے کہ سابق صدر کے خاندان کو اصل صورتحال سے لاعلم رکھا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری تک ان کے ذاتی معالجین کو رسائی دی جائے تاکہ سابق صدر کی صحت کی اصل صورتحال سے خاندان اور پارٹی کو آگاہی ہو سکے۔ عامر فدا پراچا نے کہا کہ میڈیا رپورٹس ک سے علم ہوا ہے کہ ڈاکٹرز سابق صدر کی ادویہ کی تبدیلی کی بات کر رہے ہیں مگر یہ کیسے ممکن ہے کہ سابق صدر کے ذاتی معالجین کے معائنے کے بغیر ادویات تبدیل کی جائیں۔
عامر فدا پراچا نے کہا کہ ہم کوئی رعایت نہیں مانگتے صرف اپنا قانونی حق چاہتے ہیں کہ سابق صدر کے لئے نجی میڈیکل بورڈبٹھایا جائے جس میں سابق صدر کے معالجین کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ آصف علی زرداری کی زندگی کو کوئی نقصان ہوا تو اس کے ذمے دار عمران خان ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر کی صحت کے متعلق سلیکٹڈ حکومت کا رویہ مجرمانہ ہے۔




































