
اسلام آباد (ویب ڈیسک)سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی پاکستان نے عالمی ثالثی عدالت لندن میں چینی کمپنی سے کیس جیت
لیا۔
پاور ڈویژ ن کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق چینی کمپنی زونرجی سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی کی طرف سے کئے گئے جرمانے کے خلاف عالمی ثالثی عدالت میں گئی تھی۔تنازع زونرجی کمپنی کی3 ذیلی کمپنیوں کی طرف سے300میگاواٹ سولر پاورمنصوبوں کوچلانے میں تاخیرسے پیداہوا۔
پاورڈویژن کے مطابق زونرجی کی ذیلی کمپنیوں نے سی پی پی اے کے ساتھ جون 2015 میں انرجی پرچیز معاہدے کیے تھے،مقررہ وقت پر بجلی فراہم نہ کرنے پر سی پی پی اے نے ان کمپنیوں کو جرمانے کیے۔پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ جرمانوں کے خلاف متعلقہ کمپنیاں رواں سال کے شروع میں عالمی ثالثی عدالت لندن میں چلی گئیں۔
پاور ڈویژن اعلامیہ کے مطابق عالمی ثالثی عدالت لندن نے آخری سماعت میں سی پی پی اے کی طرف سے جرمانوں کو درست اور عدالت نے متعلقہ پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار کو انرجی پرچیز معاہدے کے مطابق لازم قراردیا۔اعلامیہ کے مطابق جرمانے کی رقم تقریباایک ارب روپے ہے جو کمپنی نے ادا کرنی ہے۔




































