
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حزب اختلاف اپنی خفگی مٹانے کیلئے اے پی سی اور احتجاج کر رہی
ہے، تاہم عوام نے حزب اختلاف کے احتجاج کو مسترد کر دیا۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں معاشی ٹیم نے معیشت میں حاصل کامیابیوں پر شرکا کو بریفنگ دی۔ اٹارنی جنرل نے ممنوعہ فنڈنگ کیس پر بھی ترجمانوں کو بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے فارن فنڈنگ کیس پر حقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت کر دی اور اسی حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)رہنما اسد عمر اور فرخ حبیب آج منگل کو ممنوعہ فنڈنگ کیس پر پریس کانفرنس کریں گے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ قوم کو فارن فنڈنگ کیس کے قانونی پہلوؤں کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حزب اختلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق عوام کو گمراہ کر رہی ہے،جبکہ ہم نے الیکشن کمیشن میں سب تفصیلات جمع کرائی ہیں۔ تحریک انصاف کا دامن صاف ہے لیکن دونوں بڑی جماعتوں کے رہنماں نے منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ بنایا ہے۔
وزیر اعظم نے حزب اخلاف کی کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی)پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف اپنی خفگی مٹانے کے لیے اے پی سی اور احتجاج کر رہی ہے،تاہم عوام نے حزب اختلاف کے احتجاج کو مسترد کر دیا۔














