انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ مرکوزکرنا ہو گی،صدر مملکت

اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال

سے انقلابی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ پاکستان بھی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے استفادہ کر سکتا ہے۔ہمیں پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ مرکوزکرنا ہو گی۔
ڈیجیٹل معاشرے میں پائیدار ترقی کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ چوتھے صنعتی انقلاب نے زندگی کے ہر شعبہ میں اہم اثرات مرتب کئے ہیں۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے دنیا میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ اس سے بہت سے چیلنجز بھی پیدا ہوئے ہیں اور اس کے مثبت اور منفی دونوں طرح کے اثرات ہیں، زندگی کے بہت سے شعبوں میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مثبت پہلوؤں سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں جائزہ لینا ہو گا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے کیسے مستفید ہو سکتے ہیں اور کیسے اس سے استفادہ کرکے عوام کیلئے سہولت پیدا کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کی فلاح و بہبود کے پروگراموں میں بھی مدد مل سکتی ہے، اس سے احساس پروگرام کو کامیاب کرنے میں بھی معاونت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تجارت اور زراعت کے شعبوں میں بھی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مقامی طور پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین سمیت پاکستان کی تمام آبادی تک ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ اس کو بروئے کار لا کر سماجی و اقتصادی بہبود کے پروگراموں کو کامیاب بنانے میں مدد مل سکے۔