
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی )وفاقی کابینہ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کا معاملہ کابینہ کی سب
کمیٹی کو بھجوا دیا ہے، حکومت سب کمیٹی کی سفارشات اور ٹھوس وجوہات کو مد نظر رکھتے رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی ۔
وزیراعظم نے سزا یافتہ اور مفرور افرادکے میڈیا بیانات کے تدارک کے لئے پیمرا سمیت تمام ا سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے ساتھ لائحہ عمل بنانے کے لئے وزیر قانون و انصاف کو خصوصی ہدایات دی ہیں ۔کابینہ کے سکوک بانڈز اور اسلام آباد لوگل گورنمنٹ ایکٹ پر تحفظات پر دونوں سمریاں واپس لے لیں گئیں۔
حکومت نے پہلے 15ماہ میں سوئی گیس ،بجلی ،زراعت ،فرٹیلائزر کے شعبے میں 401ارب کی سبسڈی دی ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کی تمام ہسپتالوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ اداروں میں تبدیل کرنے کی ہدایت دی ۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے بھارتی لوک سبھا کی جانب سے شہریت سے متعلق قانون سازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی قانون سازی نے بھارت سرکار کے نام نہاد لبر ازم کا پردہ فاش کیا ہے اور یہ آر ایس ایس نظریہ کی ترویج کے ایجنڈے کی عملی مثال ہے۔
کابینہ نے 1971 کی جنگ کے ہیرو کرنل سلیمان شہید کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ کابینہ نے میڈیا کے بعض حلقوں کی جانب سے اشتہاری ملزمان اور سزا یافتہ افراد کے بیانات چلائے جانے اور قانون کو مطلوب ایسے افراد کو غیر ضروری پروجیکشن دینے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشروں میں کہیں بھی ملزمان اور خصوصاً ایسے ملزمان جن پر قومی خزانہ کو اربوں روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہو یا سزا یافتہ ہوں ایسے افراد کو میڈیا کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ملتی۔ وزیر برائے آبی وسائل نے کابینہ کو بتایا کہ انہوں نے اس حوالہ سے پیمرا کو خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے پیمرا کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کرائی ہے۔














