
سمبڑیال( ویب ڈیسک ) وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے
کہاہے کہ ملک کے سیاسی موسم میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی وزیراعظم عمران خان کے سرپر اقتدار کا ہُما پانچ سال کے لیے بیٹھا ہے یہ اپوزیشن کے رونے دھونے سے اڑنے والا نہیں ،لہذا حکومت کے بدخواہو ں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا ۔
ملکی ترقی وخوشحالی اوراستحکام کے لیے ملک کے تما م ادارے ایک پیج پر ہیں حکومتی ٹیم بھی کامیابی سے بغیر کرپشن کے میرٹ پر کام کررہی ہے عمران خان اپنے پختہ عزم اوردلیرانہ فیصلوں سے ملک کو مشکل ترین صورتحال سے نکال کر درست سمت میں لے آئے ہیں آنے والا وقت خوشیوں کا ہے۔
مرکزی رہنما پی ٹی آئی ،وائس چیئرمین اینٹی کرپشن کمیٹی پنجاب بریگیڈئر(ر) اسلم گھمن کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شریف فیملی سیاست سے مائنس ہوچکی ہے (ن) لیگ اورپی پی کو اقتدار سے باہر ایک ایک دن صدیوں کے برابر لگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت مخالف سازشوں کی بجائے احتساب کے عمل کا سامنا کریں یہ انتقام نہیں احتساب ہورہا ہے اورملک کا ایک آزاد ادارہ اپنے فرائض کو غیر جانبددارانہ انداز میں ادا کررہا ہے





































