فضل الرحمان اورہم نواؤں کو عوام نے مسترد کر دیا،

اسلام آباد (ویب ڈیسک،خبر یجنسی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق

اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے ہمنواؤں کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، جنہیں عوام نے مسترد کیا ہے وہ منتخب حکومت گرانے کی سازشیں کر رہے ہیں۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آستینیں چڑھا کر عوام کو درس دینے والے تبلیغی ٹولے کی کرپشن کے حساب کتاب کا وقت آ پہنچا ہے، مسیحا کا بھیس بدل کر پھرنے والوں کے جعلی چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہونے جا رہے ہیں، معاشی اعشاریوں میں مثبت تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جن کی عالمی مالیاتی ادارے بھی تصدیق کر رہے ہیں، حکومت وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے۔
سانحہ لاہور میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثہ کو 10، 10لاکھ روپے ادا کر دیئے گئے ہیں جبکہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور پی آئی سی میں کھڑی عوام کی گاڑیوں کے اور ہسپتال کی دیگر املاک کے نقصان کا ازالہ کرنے کیلئے تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔گاڑیوں کے مالکان کو نقصان کے پیش نظر 75ہزا ر تاڈیڑھ لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دل کے ہسپتال کی ایمر جنسی کو 24گھنٹوں کے قلیل وقت میں فعال کر دیا گیا ہے کہ ملکی معیشت میں استحکام کے بعد عوام کے ریلیف کی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں، حکومت وزیر اعظم عمران کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔