
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے سابق صدر
جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف عدالتی فیصلے، مریم نواز کو بیرون ملک جانے کے لئے ای سی ایل سے نام نکالنے کے معاملے کا جائزہ لیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور پی ٹی آئی قانون کی بالادستی اور قانون کے یکساں اطلاق کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔
پاکستان کے ادارے ریاست کے ستون ہیں، ریاست کا مفاد ہر حال میں اہم اور مقدم ہے، ہم نے اپنے اداروں کو تقویت دینی اور با اختیار بنانا ہے، آرمی چیف کی توسیع کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی اور قانونی کمیٹی کی مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا کہ حکومت اس معاملے پر اپیل میں جاتی ہے یا پارلیمنٹ سے منظوری لی جاتی ہے ۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کور کمیٹی کے اجلاس میں اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان تحریک انصاف، انصاف کے حصول کے لئے مسلسل جدوجہد کرتی رہی ہے، ہمارے منشور کا اہم جزو انصاف کی فراہمی، انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا اور یکساں قانون کے اطلاق کے لئے مناسب ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قانون کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اصلاحات لانا ہے تاکہ عام اور خاص کے لئے یکساں قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی میں ماہر قانون علی ظفر اور بابر اعوان نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف فیصلے پر بریفنگ دی جس میں کمیٹی کو اس کیس کے قانونی نکات، عدالتی فیصلے میں سقم اور کمزوریوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔














