
اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی ) وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین ایف بی آر کو بلڈرز اور کنسٹرکٹرز کے جائز
مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعمیرات کے شعبے سے 40 کے لگ بھگ صنعتیں وابستہ ہیں، اس شعبے کے فروغ سے نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔
حکومتی معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت وزیر اعظم عمران خان نے کی ۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، معاشی عمل کو تیز کرنے اور ہنرمندوں اور نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کے لئے تعمیرات کے شعبے کے فروغ اور ترسیلات زر خصوصاً بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ملک بھیجی جانی والی رقوم پر مراعات پیکیج کے حوالے سے معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر این آئی ٹی بی سید شباہت علی شاہ نے الیکٹرنک ادائیگیوں کے ضمن میں ای پیمنٹ گیٹ وے کے قیام پر اب تک کی پیش رفت پرتفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین نیا پاکستان ہاو ¿سنگ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے تعمیرات کے شعبے کے فروغ کے سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات خصوصاً بلڈرز اور کنسٹرکٹرز کو درپیش مسائل سے اجلاس کو آگاہ کیا۔
وزیرِاعظم نے چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ بلڈرز اور کنسٹرکٹرز کے جائز مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل یقینی بنایا جائے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے سے نہ صرف 40 کے لگ بھگ صنعتیں وابستہ ہیں بلکہ اس شعبے کے فروغ سے نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے کے فروغ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ چیئرمین نیا پاکستان ہاو ¿سنگ اتھارٹی نے مختلف وزارتوں اور محکموں کی ملکیت میں موجود سرکاری املاک کو کم آمدنی والے افراد کے لئے گھروں کی تعمیر کے لئے بروئے کار لانے کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ نیا پاکستان ہاوسنگ منصوبے کے لئے سرکاری زمینوں کو بروئے کار لانے کے عمل کو تیز کیا جائے۔ ترسیلات زر میں اضافے اور بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے ملک میں بھیجی جانے والی رقوم پر ان کو مراعات دینے کی تجاویز پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔














