مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کا فیصلہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور

مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل)سے نہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے اپنی سفارشات تیار کرلی ہیں جس کے مطابق کمیٹی نے موقف اختیار کیا ہے کہ مریم نواز کا ٹرائل ہو رہا ہے اور وہ مشروط ضمانت پر ہیں لہٰذا ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جاسکتا۔

ذیلی کمیٹی کا کہنا ہے کہ مریم نواز اگر کسی دوسرے فورم سے اجازت لینا چاہتی ہیں تو یہ ان کا حق ہے،تمام سفارشات وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی جس کے بعد ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے یا نہ نکالنے کا حتمی فیصلہ بھی اجلاس میں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مریم نواز نے لاہور ہائیکورٹ میں اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دائر کی تھی۔درخواست میں مریم نواز نے استدعا کی تھی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ای سی ایل میں نام ڈالنے کا اقدام غیر قانونی قرار دیا جائے اور انہیں اس لسٹ سے نام ختم کرنے کے احکامات دیے جائیں۔

اسی درخواست پر 9 دسمبر کو لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے حوالے سے وفاقی حکومت کو 7 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا لیکن گزشتہ روز تک حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا۔

گزشتہ روز مریم نواز نے ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیے ایک اور درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جس پر کل سماعت ہوگی۔