درآمدی کاٹن پر ڈیوٹی و سیلزٹیکس واپس لینے کا فیصلہ

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے 15 جنوری سے

درآمدی کاٹن پرتین فیصدریگولیٹری ڈیوٹی، دوفیصد اضافی کسٹم ڈیوٹی اور5 فیصد سیلزٹیکس واپس لینے کا فیصلہ کیاہے، ای سی سی نے طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان اوروسطی ایشیاءسے کپاس کی درآمد کی اجازت بھی دیدی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو منعقد ہوا۔درآمدی کاٹن پر پرتین فیصدریگولیٹری ڈیوٹی، دوفیصد اضافی کسٹم ڈیوٹی اور5 فیصد سیلزٹیکس واپس لینے کا فیصلہ4 اکتوبر کو کپاس کی فصل کے جائزہ اجلاس میں اس حوالہ سے ای سی سی کو پیش کردہ معلومات کی روشنی میں کیاگیا۔ ای سی سی کوبتایاگیا کہ مالی سال 2019-20 ءکیلئے کپاس کی 15 ملین گانٹھوں کی پیداوارکا ہدف مقررکیاگیاہے اورمالی سال کے اختتام پر10.20 ملین گانٹھوں کی پیداوارمتوقع ہے۔

اجلاس کے صدرنشین کوبتایا گیا کہ یکم جنوری 2020 تک مقامی کسانوں سے بڑی مقدار میں کاٹن خریداجائیگا اوراس فیصلے سے مقامی کاشت کاروں پرمنفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔ وزارت تجارت اوروزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے اجلاس کویقین دلایاگیا کہ درآمدی کاٹن سے برآمدی ٹیکسٹائل کے شعبہ کو سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی جس کی برآمدات میں اضافہ کارحجان دیکھنے میں آرہاہے۔

اجلاس کے صدرنشین نے مقامی کاشت کاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی وریسرچ کوتمام سٹیک ہولڈرزکی مشاورت سے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی تاکہ مقامی سطح پر کاٹن کی پیداوارمیں اضافہ اورمقامی کاشت کاروں کے مفادات کاتحفظ یقینی بنایاجاسکے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ واقتصادی امورڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے اس حوالہ سے پالیسی ایک ماہ کے اندرای سی سی میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ای سی سی نے مالی سال 2019-20ءکیلئے سپیشل سیکورٹی ڈویژن نارتھ پاکستان آرمی کیلئے 6.210 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی۔

 اسی طرح پاکستان آرمی کیلئے مزیددوضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی، ان میں انٹرنل سکیورٹی ڈیوٹی الاونس کی مد میں 4.966 ارب روپے اوروزارت دفاع کی تعاون سے کمیونٹی بنکرز کی تعمیر کیلئے 500ملین روپے کی گرانٹس شامل ہیں۔ اسی طرح ای سی سی نے طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان اوروسطی ایشیاءسے کپاس کی درآمد کی اجازت بھی دیدی، گزشتہ سال کی طرح مالی سال 2019-20 ءمیں بھی مختص کردہ علاقوں میں فیومیگیشن کے انتظامات کئے جائیں گے۔