
کوالالمپو (ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) وزیراعظم عمران خان ملائیشیا کے دو روزہ سرکاری دورہ پر کوالالمپور پہنچ گئے۔
ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد صابو اور دیگر سینئر حکام نے کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروزیراعظم کا استقبال کیا۔ ملائیشیا میں پاکستان کی ہائی کمشنر آمنہ بلوچ اور ہائی کمیشن کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر، وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان یہ دورہ ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کی دعوت پر کر رہے ہیں اور دورہ کے دوران دونوں وزرائے اعظم علیحدہ ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بات چیت بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ اہم معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے اور مشترکہ پریس ٹاک بھی کریں گے۔
اس دورہ کے دوران وزیراعظم عمران خان انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک و انٹرنیشنل سٹڈیز کے زیراہتمام تھنک ٹینکس سے بھی خطاب کریں گے۔وزیراعظم عمران خان کا ملائیشیا کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تذویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی علامت ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اگست 2018ءمیں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ ملائیشیا کا دوسرا دورہ ہے.














