
اسلام آباد( ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ ملک میں ہر جگہ آئی ایم ایف والے
بیٹھے ہیں ،وزیر اعظم کے15 معاون خصوصی کیا کررہے ہیں ،
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس غلام اعظم قمبرانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے وزیراعظم کے 15 معانین خصوصی کی تعیناتی چیلنج کیس کی سماعت کی ۔
مشیر اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان، زلفی بخاری، نعیم الحق سمیت دیگر معاونین کوجواب کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کردیے۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران جسٹس عامرفاروق نے کہاکہ آئین کا اہم ایشو درخواست میں اٹھایا گیا ہے،سپیشل اسسٹنٹس کیلئے آئین کو بائی پاس کیا گیا، اس کے بعد کابینہ کا حصہ بنایا گیا،کچھ رولز آف بزنس یا کسی مخصوص پاور کے زریعے آئین کو برطرف نہیں کیا جاسکتا، اسپیشل اسٹنٹس کی تعیناتیاں نئی نہیں ہیں،رولز آف بزنس میں کہا گیا ہے کہ سپیشل اسٹنٹس تو تعینات ہوسکتے ہیں۔
جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ کیا اسپیشل اسٹنس کسی وزارت یاڈویژن کا سربراہ ہوسکتا ہے،اگر ہم کہتے ہیں کہ سپیشل اسسٹنس منسٹری کو ہیڈ کرسکتا ہے تو ہم آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، درخواست گزارنے کہاکہ معاونین خصوصی سسٹم کیلئے کیا کررہے ہیں،ملک میں تو آئی ایم ایف والے بیٹھے ہیں۔
جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ معاونین خصوصی تعینات کرنا غلط نہیں ہیں، ہر جگہ ہوتے ہیں،سوال یہ ہے کہ معاونین خصوصی وزارت کی سربراہی کررہے ہیں،باقی معاونین کے وکیل نہیں آئے، کیا وہ کیس نہیں لڑنا چاہتے،اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت کی استدعاکی جسے عدالت نے منظورکرلی اوردوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی۔




































