
لاہور(ویب ڈیسک ) سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے خطہ میں امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کرتارپور کوریڈور کو
کھولنے پر پاکستان کے کردار کوسراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی طرف سے امن کے فروغ کیلئے ایک احسن عملی اقدام ہے جس سے علاقائی رواداری کو فروغ ملے گا، پاکستان نے بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے مثالی کام کیا ہے، کرتارپور پراجیکٹ پوری دنیا کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی کی عملی تصویر ہے،پاکستان آکر اپنایت کا احساس اور گھر جیسا محسوس کر رہا ہوں۔
یہ بات انہوں نے نارروال کے قریب واقع دربار کرتارپور کے دورہ کے دوران کہی۔ اس موقع پر انہوں نے سکھ برادری کو پاکستانی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات کی تعریف بھی کی۔قبل ازیں ان کی آمد پر وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، پاکستانی سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے عہدیداروں نے کرتارپور صاحب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا استقبال کیا اور ایک سکھ بچے کی طرف سے انہیں گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔ ا
قوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو پاکستانی حکومت کی طرف سے سکھ برادری کو فراہم کی جانیوالی سہولیات اورپاکستان بھارت کے درمیان کرتارپور راہداری معاہدے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ انتونیو گوتریس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے یہ پہل قدمی ہندوستان کی سکھ برادری کی سہولت اور ان کے مقدس مقدمات کی زیارت کیلئے کی ہے۔ کرتارپور دورے کے دوران انتونیو گوتریس نے گوردوارہ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور انہیں سکھوں اور پاکستانی عہدیداروں کی طرف سے روایتی کھانے بھی پیش کئے گئے۔














