
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے سرمایہ کاری کےلئے آزاد پالیسی سمیت آسان
کاروبار کی فراہمی پر توجہ مرکوز کررکھی ہے جس کا عالمی مالیاتی اداروں نے اعتراف کیا ہے۔
وہ اسلام آباد میں VEON کے گروپ کوچیف آپریٹنگ افسر سے باتیں کررہے تھے جو Jazz پاکستان کی ابتدائی کمپنی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے مواصلات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی بے پناہ گنجائش ہے۔
انہوں نے VEON کے پاکستان کےساتھ طویل تعلق کوسراہا جس نے 9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور اپنی کثیر الجہتی خدمات کے ساتھ 6 کروڑ صارفین کو سروسز فراہم کررہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے ڈیجیٹل پاکستان اقدام کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو اقتصادی ترقی کے محرک بننے اور انہیں خود مختار بنانے کےلئے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پالیسی کے تحت حکومت آئندہ چند برسوں میں پاکستان کے آئی سی ٹی کی صنعت کے حجم کو 20 ارب ڈالر تک لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے۔Sergi Herrero نے ٹیلی کام کمپنیوں کےلئے مسابقتی اورشفاف ورکنگ ماحول فراہم کرنے پر وزیراعظم اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔














