
کوئٹہ(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایران میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے پیش نظر تفتان میں پاک ایران سرحد بند
ہونے کے بعدکوئٹہ اور تفتان کے درمیان چلنے والی ٹرین سروس بھی غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیاوفاقی وزیر ریلوے نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ اور تفتان کے درمیان مہینے میں چلنے والی چاروں ٹرینیں واپس آچکی ہیں اور اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہ ٹرینیں تا حکم ثانی نہیں چلیں گی،
انہوں نے کہا کہ یہ ٹرینیں سرحد کے کھلنے تک بند رہیں گی ساتھ ہی وزیر ریلوے نے عوام کو مطلع کیا کہ بکنگ میں موجود اپنا سامان اور دیگر چیزیں واپس لے جاسکتے ہیں ایران میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے بعد پاکستان نے پڑوسی ملک کے ساتھ اپنی سرحد کو عارضی طور پر بند کردیا تھا اس کے علاوہ بلوچستان کی حکومت نے پاکستان سے ایران جانے والے زائرین کے سفر پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔ صوبے کے وزیراعلی جام کمال کی ہدایت پر صوبائی محکمہ آفات نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پاک-ایران سرحد کو پار کرنے کے مقام تفتان پر 100 بستروں پر مشتمل ٹینٹ ہسپتال قائم کردیا ہے علاوہ ازیں گزشتہ روز پاکستانی حکام نے پاک-ایران سرحد کو صرف ساڑھے چار گھنٹوں کے لیے کھولتے ہوئے 306 ایرانی باشندوں کو اپنے وطن واپس جانے کی اجازت دی تھی تاہم 250 پاکستانی مزدور سرحد کے دوسری طرف ایران میں پھنسے ہوئے ہیں اور بلوچستان حکومت سے ان کے وطن واپسی کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کر رہے ہیں۔














