عمران نے نواز شریف کو خود لندن بھیجا، اب قوم کے سامنے جھوٹ نہ بولیں، بلاول

لاہور(ویب ڈسک )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے نواز شریف کو خود لندن بھیجا

تھا، اب وہ قوم کے سامنے جھوٹ نہ بولیں۔ ریاست کو مختلف رائے کو برداشت کرنا چاہیے،انہیں دبانا نہیں چاہیے،پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف کے درمیان ڈیل کو بے نقاب کریں گے، عوام کے حق کی معاشی پالیسی لائی جائے جو پاکستان کی خودمختاری پر سودا نہ کرے۔حکومت کو آئی ایم ایف، عالمی بینک کے نمائندے بننے کے بجائے عوام کا نمائندہ بننا چاہیے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ موجودہ حکومت نے سول سوسائٹی کو بھی محدود کردیا جبکہ ایک سازش کے تحت غیرسرکاری تنظیموں (این جی اوز) اور بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں (آئی این جی اوز)کے لیے ایک قواعد و ضوابط کا فریم ورک راتوں رات کھڑا کردیا جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ریاست کی کوشش ہے کہ ہماری میڈیا، این جی اوز، آئی این جی اوز، سول سوسائٹی کو کنٹرول کرے اور دکھائیں کہ ہم کتنے طاقت ور ہیں، لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ تعمیری تنقید سے ریاست کو طاقت ملتی ہے۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ آزاد تنظیموں کے تحت کام کرتے ہوئے جو رپورٹ بناتے ہیں اور آپ کی پالیسیز پر تنقید کرتے ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ یہ آپ کی مخالفت کر رہے، آپ سے بغاوت یا غداری کر رہے بلکہ یہ آپ کے عوام اور ریاست کے لیے بہتری چاہتے ہیں جس کی وہ تجویز دے رہے ہیں۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں، جو ملک اور عوام کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں اور ریاست کو مختلف رائے کو برداشت کرنا چاہیے اور انہیں دبانا نہیں چاہیے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس وقت ہر پاکستانی کا مسئلہ مہنگائی ہے جو پی ٹی آئی-آئی ایم ایف ڈیل کی وجہ سے جو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہ آپ کے سامنے ہے تاہم اس ڈیل کو بے نقاب کرنے کے لیے پیپلزپارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔