
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر اجنس ) سابق وزیراعظم محمدنواز شریف کی وطن واپسی کیلئے برطانیہ کو خط لکھ دیا گیا، وفاقی
کابینہ کو خط کے بارے میں آگاہ کردیا گیا۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف حلف کی پاسداری کرتے ہوئے وطن واپس آئیں،105دنوں میں کسی ہسپتال کی کوئی رپورٹ نہیں آئی، شہباز شریف کی چیخ و پکار بتارہی ہے کہ لیٹر برطانیہ پہنچ چکا ہے، نواز شریف پاکستان مسلم لیگ ن کی ”کلچ پلیٹ“ جام کرکے برطانیہ چلے گئے، عوام کو سمجھ آگئی ہے کہ نواز شریف ذاتی ریلیف کیلئے باہر چلے گئے ان کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا۔ کرونا وائرس کے نتیجے میں پیداشدہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس حوالے سے اطراف خصوصاً پاک ایران سرحد پر حفاظتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ کرونا وائرس سے پاکستان محفوظ ہے، زائرین کی واپسی کے نتیجے میں پانچ کیسز کی نشاندہی ہوئی ہے۔ کرونا وائرس کا ایپی مرکز کہیں اور ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی نے ادارہ شماریات کے اشاریوں سے آگاہ کیا ۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔حکومتی اقدامات کے باعث معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے۔ وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا:معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف صوبائی حکومتیں کارروائی کریں عوام کو سستے داموں اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا حکومتی اصلاحات سے ادارے مستحکم ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم کی عوام دوست پالیسیاں لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لا رہی ہیں۔وزیراعظم نے سکولوں میں بچوں سے ناروا سلوک کا سخت نوٹس لیا۔














