کسی مزدور کے گھر کھانا نہیں ہوگا توسندھ حکومت راشن پہنچائے گی، بلاول بھٹو

کراچی(ویب ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی روک تھام

کے لیے سندھ میں اٹھائے گئے اقدامات کے دوران اگر کسی مزدور کے گھر میں کھانا نہیں ہوگا تو صوبائی حکومت اس کے گھر راشن پہنچائے گی جبکہ حکومت سندھ کرونا وبا کی پیش نظر پاک آرمی کے ساتھ مِل کر کراچی میں فیلڈ اسپتال بھی بنائے گی، ۔ہمیں سیاسی محاذ آرائی کے بجائے قومی یکجہتی کے ذریعے کرونا وائرس جیسی وباسے نمٹنے کی ضرورت ہے، سندھ حکومت کے اقدامات کا اگر دوسرے صوبوں یا وفاق نے جواب نہ دیا تو وبا پر قابو نہیں پایا جاسکے گا۔
سندھ اسمبلی کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی اور مشیر قانون مرتضی وہاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ شعبہ طب سے منسلک تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جو اس مہلک وبا کے خلاف فرنٹ لائین کے سپاہیوں کا کردار نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ اپنی پوری ٹیم کے ساتھ مل کر کرونا وائرس کے خلاف مقابلہ کر رہے ہیں۔ میں اس دوران مسلسل وزیراعلیٰ سے رابطے میں تھا اور آج ضروری سمجھا کہ اس پریس کانفرنس کے ذریعے پورے ملک کو پاکستان پیپلز پارٹی کا پیغام پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت بہت سنجیدہ صورتحال ہے اور ہر پاکستانی کو اسے انتھائی سنجیدگی سے دیکھںا ہوگا۔ ہمارا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ فقط اتنا بوجھ ڈالتا ہے، جتنی ہماری برداشت ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کو خوفزدہ یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ ہم آپ کے لیئے دن رات کام کر رہے ہیں تاکہ آپ کی جان کا تحفظ کر سکیں۔ اس بیماری کو ہمیں روکنا ہے۔