
اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نیشنل کوآرڈینیشن
کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں وفاق اور صوبوں کے مابین میں رابطوں میں مزید بہتری لائی جائے گی، اس مقصد کیلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کر دیا گیا ہے اور صوبوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے نمائندے نامزد کر یں، یہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی سربراہی میں قائم ہو گا۔ شاہ محمود قریشی جو قومی رابطہ کمیٹی کے اعلیٰ اجلاس میں شریک تھے۔
یہ اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت گذشتہ روز منعقد ہوا۔ وزیر خارجہ نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ کل کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے، پہلا فیصلہ یہ ہوا کہ وفاق اور صوبوں کے مابین رابطے میں مزید بہتری لائی جائے، اس مقصد کیلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کر دیا گیا ہے صوبوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے نمائندے نامزد کر یں، یہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی سربراہی میں قائم ہو گا تاکہ صوبے اور مرکز، یکساں طور پر، اسٹینڈرڈایزڈ میکانزم کے ساتھ کام کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت وبائی عالمی چیلنج سے نبرد آزما ہمارے ہیلتھ ورکرز، نہایت اہم کردار ادا کر رہے ہیں ان کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے چنانچہ کل کے اجلاس میں فیصلہ یہ ہوا کہ ان ہیلتھ ورکرز کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے، ٹیسٹنگ کی سہولت کو مزید بہتر بنانے اور بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا چنانچہ ہم پی سی آر کی نئی مشینری خرید رہے ہیں۔ان مشینوں کے آنے کے بعد ہماری ٹیسٹنگ کی استعداد دوگنا ہو جائے گی
۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا لیکن ہم نے لاک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ اس بات کو بھی یقینی بنانا ہے کہ عوام الناس کو اشیائے ضرورت باقاعدگی سے میسر آتی رہیں۔














