
اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر وفاقی اور صوبائی حکومتوں
کا رسپانس بہتر رہا ہے، ہمیں صحت کو لاحق خطرات کے ساتھ ساتھ ملک کے غریب اور کمزور طبقات کو درپیش معاشی مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے، اس کے لئے کچھ شعبوں کو کھولنے کی ضرورت ہو گی، وینٹی لیٹرز اور ٹیسٹنگ کٹس کی مقامی سطح پر تیاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ موجودہ بحران کے بعد آنے والے وقت میں ہمارے لئے بھی مواقع پیدا ہوں گے۔
ایک نجی ٹی وی کو اپنے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں لیکن غربت اور بھوک کے باعث زیادہ اموات کا خدشہ ہے، وزیراعظم عمران خان اور حکومت معاملے کی حساسیت سے آگاہ ہیں اور اس حوالے سے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ کورونا کی صورتحال اور ممکنہ بحران سے بہتر طور پر نمٹنے کے سلسلے میں چین کے دورے سے واپسی پر سیاسی رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، سیاسی کے ساتھ ساتھ سماجی اور مذہبی رہنماؤں سے بھی رابطہ کر کے نوجوان تنظیموں کا کردار بڑھانے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسجد بھی اس حوالے سے مرکزی کردار ادا کر سکتی ہے جہاں سے لوگوں کو آگاہی کے ساتھ ساتھ ان کی امداد بھی کی جا سکتی ہے، ملک کا میڈیا اس حوالے سے بھی نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے باعث صحت کے مسائل کے علاوہ معیشت کے مسائل بھی پیدا ہوئے ہیں، لوگوں کو اپنے ذاتی اخراجات کو منظم کرنا چاہیے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیا رکرنی چاہئیں۔














