
کراچی(ویب ڈیسک)سندھ کے وزیر اطلاعات، بلدیات، جنگلات وجنگلی حیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے کرونا وائرس
ایمرجنسی فنڈ میں دنیا بھر سے عطیات موصول ہونا شروع ہو گئے ہیں اور اب تک 3 ارب روپے سے زائد کا فنڈ جمع ہو چکا ہے۔
سید ناصرحسین شاہ نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی جانب سے 2 ارب 84 کروڑ سے زائد رقم جمع کرائی گئی جبکہ نجی ڈونرز کی جانب سے 4 کروڑ 13 لاکھ روپے سے زائد رقوم فنڈ میں دی گئیں۔ سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے مزید بتایا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں نے بھی عطیات سندھ حکومت کے کرونا ایمرجنسی فنڈ میں دئیے ہیں۔
وزیر بلدیات و اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، صوبے کی موجودہ نازک صورت حال کو دیکھتے ہوئے اسپرے مہم کو جاری کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اسپرے مہم کی نگرانی سیکرٹری بلدیات براہ راست کررہے ہیں جس کے تحت سندھ بھر کے29 اضلاع میں واقع 2 ہزار یونین کونسلوں میں اسپرے مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران تمام رہائشی کالونیوں، کاروباری علاقوں، مرکزی شاہراہوں، اندرونی و بیرونی گلیوں سمیت، عوامی مقامات، مساجد، امام بارگاہوں و دیگر مذہبی عبادت گاہوں میں بھی جراثیم کش اسپرے کیا جارہا ہے جس سے مہلک اور وبائی امراض کے خاتمے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔
انہوں نے عوام سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ اس وباء کے پھیلا ؤکو روکنے کے لئے حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں میں اس کا ساتھ دیں تاکہ ہم اس وبا سے چھٹکارا حاصل کر سکیں اور عالمی طور پر پھیلتی ہوئی اس وباء کو کنترول کر سکیں اور خوبصورت پاکستان اور سرسبز سندھ کی تشکیل پایہ عمل تک پہنچ سکے ،انہوں نے کہا کہ سندھ میں آج دن 12 سے سہ پہر 3 بجے تک لاک ڈاؤن میں مزید سختی کی جائے گی ۔





































