
لاہور(ویب ڈیسک) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کب ختم ہوگا اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے،کورونا
سے بچاؤ کے لیے سماجی دوری ضروری ہے۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا پر قابو کرنے میں وقت درکار ہے،۔
کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ کورونا وائرس کب ختم ہوگا، چین میں دسمبر میں کورونا وائرس آیا اور ابھی تک ہے، کورونا سے متاثرہ افراد کی صحت یابی احتیاط سے مشروط ہے، کورونا سے بچاؤکے لیے سماجی دوری ضروری ہے، لوگوں میں شعور آگیا ہے اور وہ اب سماجی دوری کی اہمیت سمجھنے لگے ہیں۔ عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس سے بے روزگار ہونے والے مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، گذشتہ 3 ہفتوں سے لاک ڈاؤن کا سامنا کررہے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہی کورونا کے پھیلاؤ پر کنٹرول ہوا، لاک ڈاؤن بڑھانے یا اس میں نرمی کا فیصلہ 14 اپریل کے بعد کیا جائے گا، دیکھا جائے گا کہ کون سے علاقوں میں لاک ڈاؤن میں آسانی پیدا کی جاسکتی ہے، جہاں کیسز زیادہ ہوں گے وہاں سختی زیادہ کی جائے گی۔














