
اسلام آباد (ویب ڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ بیرون ممالک میں پھنے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے
ایک فیز مکمل ہو چکا ہے جس کے تحت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے 12فلائٹس چلائی تھیں اور مختلف مقامات سے1640پاکستانی واپس آچکے ہیں۔
یہ بات عائشہ فاروقی نے نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہی۔ان کا کہنا تھا کہ دوسرا فیز جمعہ کے روز سے شروع ہو گیا اور آج(ہفتہ)تک نو خصوصی فلائٹس چلیں گی اور دبئی، ابوظہبی، قطر اور دیگر مقامات سے پاکستانیوں کو واپس لے کر آیا جائے گا، جن میں زائرین بھی ہیں، عمان سے بھی آرہے ہیں، دوسرے فیز میں تقریباًدوہزار پاکستانی واپس وطن پہنچیں گے اور اسی طرح اگلے فیز کی تیاری کی جائے گی اور اس کے تحت باقی پاکستانی بھی اپنے گھر واپس آسکیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ کہ جب سے کوروناوائرس کا بحران شروع ہوا تو دفترخارجہ میں کرائسس مینجمنٹ یونٹ قائم کیا گیا ہے جو مستقل اور24گھنٹے کہ بنیاد پر کام کررہا ہے اور اس کے لئے ایک پوری ٹیم وقف کی گئی، اس کے علاوہ ہرسفارتکانے اور کونسل خانے میں ایک فوکل پرسن اور ایک ہاٹ لائن قائم کی گئی ہے جس کا براہ راست رابطہ اس کرائسس مینجمنٹ یونٹ سے ہے اور پھر اس کرائسس مینجمنٹ یونٹ کا رابطہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہے جیسے سول ایوی ایشن ا تھارٹی، این ڈی ایم اے، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اور دیگر تمام ادارے اور وزارتیں جو اس پر کام کررہی ہیں ان کے ساتھ ایک بھرپور اور جامع کوآرڈینیشن ہو رہی ہے۔














