
اسلام آباد (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کیلئے متبادل ادائیگی کانظام متعارف کرادیاہے۔ایف
بی آرکے ترجمان نے جمعہ کوبتایا کہ ٹیکس گزاروں کی سہولت کیلئے متبادل دائیگی کانیانظام متعارف کرادیاگیاہے جس کے تحت اب ٹیکس گزارواجب الادا ٹیکس کواے ٹی ایم،موبائل اورانٹرنیٹ بنکنگ چینل کے ذریعہ کم وقت میں سہولت کے ساتھ اداکرسکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس نظام کے تحت ٹیکس گزارپہلے ایف بی آر کی ویب سائٹ سے اپنا پی ایس آئی آئی ڈی نمبر حاصل کرسکتے ہیں،یہ نمبر ناقابل ترمیم ہوتاہے،دوسرے مرحلہ میں ٹیکس گزار اے ٹی ایم،موبائل اورانٹرنیٹ بنکنگ چینل کے ذریعہ ایف بی آرکے آپشن کوکلک کرے، اپنا پی آئی آئی ڈی نمبر داخل کرے
انہوں نے کہا کہ اگر تفصیلات درست ہوں توانٹر کلک کیا جائے، اس عمل کے ذریعہ واجب الاداٹیکس کی رقم ٹیکس گزارکے اکاؤنٹ سے ایف بی آر کو منتقل ہوجائیگی۔انہوں نے بتایا کہ ٹیکس کی ادائیگی کے بعد ٹیکس گزارکوایس ایم ایس یا ای میل کے ذریعہ اطلاع دی جاتی ہے جوکمپوٹرائزڈ پیمنٹ رسید کی حیثیت رکھتی ہے۔دریں اثناء ترجمان ایف بی آرنے کہاہے کہ سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور انکم ٹیکس ریفنڈز کو براہ راست ٹیکس گزاروں کے بینک اکاونٹس میں ٹرانسفر کرنے کا مرکزی نظام تشکیل دے دیا گیاہے۔





































