کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو آئندہ ہفتے سے ذمہ داریاں سونپ دی جائیں گی، عثمان ڈار

اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو آئندہ

ہفتے سے ذمہ داریاں سونپ دی جائیں گی، ٹائیگر فورس سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر کام کرے گی، یہ سیاست کا نہیں متحد ہو کر کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کا وقت ہے،۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے موجودہ صورتحال میں فلاحی کاموں میں حکومت کا ساتھ دیں، ایس ایم ایز کو سہولت فراہم کرنے کے لئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کی حد بڑھا کر اڑھائی کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
عثمان ڈار نے کہا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کو متحرک کرنے کے لئے وزیراعظم آفس نے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔اس مراسلے میں متعلقہ حکومتی اداروں اور انتظامی افسران کو ضروری ہدایات جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے ہدایات ملتے ہی ٹائیگر فورس کو متحرک کیا جائے گا، صوبائی حکومتیں انتظامات مکمل کر کے فورس کو اسٹینڈ بائی پر رکھیں۔ٹائیگر فورس کی رجسٹریشن کے لئے دیا گیا وقت ختم ہونے کے بعد یہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے لئے 10 لاکھ نوجوانوں نے رجسٹریشن کرائی ہیں۔ وزیر اعظم کے سیٹیزن پورٹل کے ذریعے پنجاب سے 6 لاکھ 28 ہزار 476، سندھ سے ایک لاکھ 47 ہزار 66، خیبر پختونخوا سے ایک لاکھ 37 ہزار 189، بلوچستان سے 14 ہزار 269، اسلام آباد سے 13 ہزار 990، آزاد کشمیر سے 11 ہزار 556 اور گلگت بلتستان سے 5 ہزار 951 نے رجسٹریشن کروائی ہے۔