
اسلام آباد(ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ بھارت کسی اور کی فکر کرنے کے بجائے اپنے ملک میں اقلیتوں
کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے۔
بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلا وکا الزام مسلمانو ں پر عائد کرنے کی سازشی مہم پر ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بھارت میں جہاں ریاستی مشینری کی سرپرستی میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تباہی معمول ہے وہیں اس نے قدرتی آفات سے ہونے والے نقصان کے معاملے کا الزام بھی کسی اور مذہب پر عائد کرنے میں جلد بازی کا مظاہرہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ گوردوارہ کرتار پور صاحب کے 24 گنبدوں کی مرمت کا کام 24 گھنٹوں میں مرمت کر لیا گیا تاہم بھارت کو مشورہ ہے وہ کہیں اور اقلیتوں کے حقوق کی فکر کرنے کے بجائے اپنے ملک میں اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ سکھوں کی گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور سکھ برادری نے تباہ شدہ گنبدوں کی فوری مرمت کے لیے کوششوں کو سراہا، پاکستان اور پوری دنیا میں سکھ برادری کرتار پور راہداری کو چلانے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتی ہے۔














