
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں
احتیاطی تدابیر کے ساتھ مساجد کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور علماء کرام کے درمیان متفقہ اعلامیہ کی خلاف ورزی ہوئی تو کارروائی ہو گی۔ آئندہ جمعتہ المبارک کو یوم توبہ اور یوم رحمت کے طور پر منایا جائے گا۔
مدارس کے بچوں کیلئے بھی گھر بیٹھے تعلیم کا پروگرام لایا جائے گا۔ معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے ساتھ نظام زندگی کو بھی چلانا ہے، علماء کرام نے وزیراعظم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مساجد کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم علماء کرام کو مساجد میں 20 نکاتی اعلامیہ پر من و عن عمل کرنا ہو گا، اعلامیہ کی خلاف ورزی ہوئی تو کارروائی ہو گی۔
۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے بچوں کیلئے بھی گھر بیٹھے تعلیم کا پروگرام لایا جائے گا، کورونا بڑا چیلنج ہے، ایمانی قوت کے ساتھ اس کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ مساجد آباد رہیں اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں عبادت کے دوران خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے۔




































