
راولپنڈی(ویب ڈیسک)شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا جس سے ایک نوجوان شہید جبکہ3 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے جوانوں نے بھر پور اور جامع کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور پانچوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی آیس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ سے دس کلو میٹر دور دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا جس سے ایک جوان شہید اور تین زخمی ہوگئے جبکہ پاک فوج کے جوانوں نے بھر پور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
شہید حوالدار اکبر حسین خان کی عمر 43 سال ہے اور ان کا تعلق ضلع باغ کے علاقے دھیر کوٹ سے ہے شہید پسماندگان میں بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ترجمان کے مطابق زخمی ہونے والے جوانوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔














