آٹا چینی اسکینڈل کے تحقیقاتی کمیشن کو مہلت،چھوٹا کاروبار کرنے والوں کیلئے پیکیج منظور

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی کابینہ نے آٹا چینی اسکینڈل کی تحقیقات کے معاملے پر انکوائری کمیشن کوتین ہفتے کی

مہلت دے دی ہے، جبکہ چھوٹا کاروبار کرنے والوں کیلئے 75ارب روپے کے پیکیج کی توثیق کرتے ہوئے صحافیوں اور صحافتی اداروں کی مالی امداد کے پیکج کی بھی منظوری دے دی ہے۔ تین ماہ کا بجلی کا بل بھی معاف ہوگا۔ اجلاس میں 9مئی تک لاک ڈاؤن کے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق بھی کی گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا اور کئی اہم منظوریاں دی گئیں۔کابینہ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر وزرا شریک ہوئے جب کہ ویڈیو لنک کی خرابی کے باعث کچھ وزرا شریک نہ ہوسکے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شبلی فراز اور عاصم سلیم باجوہ نے پہلی مرتبہ شرکت کی۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں 13نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور متعدد نکات کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں اور کورونا وائرس پر قائم قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی، کابینہ نے قانونی مقدمات سے متعلق کابینہ کی کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی ہے۔فاقی کابینہ نے لاک ڈاؤن کو 9 مئی تک بڑھانے کے قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلہ کی توثیق بھی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے مسابقتی کمیشن کے قائم مقام چیئرپرسن کی تعیناتی، متعدد لمیٹڈ کمپنیوں میں ڈائریکٹرزکی خالی اسامیوں پر نامزدگیوں، پاکستان پیٹرولیم کمپنی، سوئی نادرن گیس، پاکستان منرل ڈویلپمنٹ، آئل اینڈگیس کمپنی میں نامزدگیوں اور مالیاتی معاہدوں سے متعلق بلز 2020 کی منظوری دے دی۔کابینہ کو کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات پر مفصل بریفنگ دی گئی۔