مئی کے آخر اور جون کے شروع میں وبا کا نقطہء عروج ہو سکتا ہے،شاہ محمود

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مئی کے آخر اور جون کے شروع میں وبا کا نقطہء عروج ہو

سکتا ہے۔اس کو مدنظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل مرتب کر رہے ہیں۔ہماری برآمدات بہت حد تک کم ہو چکی ہیں۔
جمعرات کو سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے ٹاؤن ہال اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں خصوصی سیکرٹری خارجہ معظم علی خان اور وزارت خارجہ کے سینیئر افسران سمیت سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز اور سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے کے افسران نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اس موقع پر سعودی عرب میں پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے وزیر خارجہ کو کرونا وبا کے تناظر میں سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں 150 پاکستانی کورونا وبا سے متاثر ہوئے جبکہ 30 پاکستانی لقمہء اجل بنے۔
پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا کہ سعودی حکومت، کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن سمیت مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں 22000 افراد وبا کا شکار ہوئے ہیں اور 500 کے قریب اموات ہوئی ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ اموات کی شرح ہمارے ہاں زیادہ نہیں ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اندازہ ہے کہ مئی کے آخر اور جون کے شروع میں اس وبا کا نقطہء عروج ہو گا اور ہم اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل مرتب کر رہے ہیں۔